124

ایشیائی ممالک ویکسین کے لیے چین سے رابطے کرنے لگے

 بنگلا دیش اور سری لنکا جیسے جنوبی ایشیائی ممالک کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کے لیے چین سے رجوع کر رہے ہیں کیونکہ بھارت نے اپنے ملک میں وائرس کے بڑے پیمانے پر پھیلاؤ اور ویکسین کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث اس کی برآمد معطل کر دی ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس سے بیجنگ کو اسٹریٹجک اہمیت کے حامل بحرہند کے علاقے میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے میں مدد ملے گی۔چین نے اپنی سائنو فارم ویکسین کی 11 لاکھ خوراکیں سری لنکا کو دی ہیں جب کہ بنگلہ دیش کو اس مہینے چین سے پہلے عطیے میں پانچ لاکھ خوراکیں وصول ہوئی ہیں۔ چین نے نیپال کو بھی ویکسین کی مزید 10 لاکھ خوراکیں دینے کا وعدہ کیا ہے۔چین کی سپلائی سے ان ملکوں کو اپنے ہاں ویکسین لگانے کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے میں مدد ملے گی جو بھارت کی جانب سے فراہمی کی معطلی کے بعد رک گیا تھا۔ عالمی وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث یہ خوف سر اٹھا رہا تھا کہ کہیں کرونا وائرس کی دوسری لہر، جس سے بھارت نبرد آزما ہے، ہمسایہ ممالک کو اپنی لپیٹ میں نہ لے لے۔امریکی تھنک ٹینک ولسن سینٹر میں جنوبی ایشیا کے لیے پروگرام ڈائریکٹر مائیکل کوگلمین کہتے ہیں کہ بھارت کی طرف سے ویکسین کی برآمد میں معطلی بیجنگ کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کے موقع کی حیثیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب بیجنگ کو اپنی ساکھ کے سلسلے میں مشکل وقت کا سامنا ہے، ویکسین ڈپلومیسی اس کام میں چین کی مدد کر سکتی ہے۔سری لنکا اور بنگلہ دیش جیسے کئی ممالک کو، جنہیں چین کی تیار کردہ ویکسینز کے بارے میں ہچکچاہٹ کا سامنا تھا، پچھلے مہینے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے چین کی ویکسین سائنوفارم کے ہنگامی استعمال کے لیے منظوری مل گئی تھی جس کے بعد ان کے لیے چین سے ویکسین لینے کے لیے راہ ہموار ہو گئی ہے۔اس سے قبل یہ ملک بھارت پر انحصار کر رہے تھے جس نے اس سال کے شروع میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیپال سمیت کئی ملکوں کو ایسٹرازینیکا اور دوسری ویکسینز فراہم کی تھیں۔ ان ملکوں نے بھارت میں قائم ویکسین بنانے والے دنیا کے سب سے بڑے مرکز سیرم لیبارٹریز کو کمرشل آرڈرز بھی دے دیے تھے لیکن بھارت میں وبا کے تیز پھیلاؤ کے باعث ان کی فراہمی رک گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں