138

آکسیجن کی کمی کے مسائل پر قابو پانے میں بڑی پیش رفت

جموں وکشمیر سرکار نے کووڈ ۔19کے وبائی مرض سے پیدا شدہ آکسیجن کی کمی کے مسائل سے موثر طور نمٹنے کیلئے آکسیجن کی پیداوار 3گنا بڑھانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الوقت یونین ٹریٹری میں50ہزار لیٹر آکسیجن فی منٹ پیدا کی جاتی ہے جو ایک ہفتہ قبل صرف 15ہزار لیٹر فی منٹ تھی۔اس بیچ کشمیرکی صوبائی انتظامیہ نے مرکزی سرکار کو جموں وکشمیر کیلئے ایک کروڑ 20لاکھ کووڈ۔19ویکسین کی فراہمی کا منصوبہ ارسال کیا ہے تاکہ 18سے 45سال تک کے سبھی افراد کیلئے ویکسین کے دو ڈوز وں کی دستیابی یقینی بن سکے۔سٹیٹ نیوز سروس کے مطابق سرکار کی جانب سے منگل کو جاری کئے گئے ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یونین ٹریٹری میں پچھلے ایک ہفتہ کے دوران آکسیجن کی پیداواری صلاحیت میں 3گنا اضافہ کردیا گیا ہے۔بیان کے مطابق 11اپریل کو یونین ٹریٹری میں میڈیکل آکسیجن کی کیپسٹی 15ہزار لیٹر فی منٹ تھی جو 17مئی کو بڑھتے ہوئے 50ہزار لیٹر فی منٹ تک پہنچ گئی۔بیان کے مطابق انتظامیہ کی کوششوں کے بدولت جموں وکشمیر کے سبھی طبی اداروں میں آکسیجن کی معقول سپلائی میسر ہے اور لوگوں کو اس حوالے سے کسی قسم کی دقتوں کا سامنا درپیش نہیں ہے۔دریں اثناءکشمیر کی صوبائی انتظامیہ نے کہا ہے کہ اس نے مرکزی سرکار کو ایک کروڑ 20لاکھ کووڈ۔19ویکسین کی فراہمی کا ایک منصوبہ پیش کیاہے تاکہ 18سال سے 45سال کی ساری آبادی کیلئے یہ انجکشن دو ڈوزو ں میں مکمل ہوسکے۔آبادی کے اعتبار سے کشمیر وادی میں 18سے 45سال کے درمیانی عمر کے 37لاکھ افراد رجسٹر ہیں جن کیلئے 74لاکھ ویکسین ضرورت ہیں تاکہ ہر ایک شہری کو دو ڈوز دیئے جاسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں