384

کل جماعتی میٹنگ سے قبل جموں وکشمیر میں 48 گھنٹے کی ہائی الرٹ

وزیر اعظم کی سربراہی میں ہونے والی کل جماعتی میٹنگ سے قبل جموں وکشمیر میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی کنٹرول لائن پر 48 گھنٹے کی ہائی الرٹ جاری کردی گئی ہے۔سیکورٹی کو چوکس کردیا گیا ہے جبکہ اہم تنصیبات کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔اس بیچ پاکستان نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ جموں وکشمیر میں 5اگست 2019طرز کے کسی بھی نئے منصوبے کو عملانے سے باز رہے۔ایس این ایس کے مطابق جموں وکشمیر کے معاملے پر کل یعنی 24جون کو نئی دلی میں وزیر اعظم کی زیر قیادت ہونے والی کل جماعتی میٹنگ سے قبل 48گھنٹے کا ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق سرینگر میں منگل کو کور گروپ کی ایک خصوصی میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے کی اور اس میں فوج کے15ویں کور کے لیفٹنٹ جنرل اور جنرل آفیسر کمانڈنگ افسر نے بھی شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران کل جماعتی میٹنگ کے حوالے سے جموں وکشمیر کی زمینی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس بات کی ضرورت محسوس کی گئی کہ کل جماعتی میٹنگ کے پیش نظر امکانی خطرات کو ٹالنے کیلئے تمام فورسز اور سراغ رساں ایجنسیوں کو متحرک کردیا جائے جبکہ پاکستان کے ساتھ لگنے والی کنٹرول لائن پر بھی چوکسی بڑھا دی گئی۔ذرائع کے مطابق سیکورٹی ایجنسیاں کل جماعتی میٹنگ کے موقعہ پر یونین ٹریٹری میں کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ کو پیش آنے کی پہلوتہی نہیں کرسکتی ہیں۔اس بیچ پاکستان نے بھارت کو متبنہ کیا ہے کہ وہ جموں وکشمیر میں 5اگست 2019طرز کے کسی بھی نئے منصوبے سے باز رہے۔پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ہر اس قدم کی عالمی سطح پر مخالفت کرے گا جو جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت مسخ کرنے کیلئے ہو ۔انہوں نے کہا کہ ایک تسلیم شدہ حل طلب مسئلہ ہے جو اقوام متحدہ قرارداد وں کے تحت حل ہونا چاہئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں