جموں/ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج ایک وِیڈیو پیغام کے ذریعے جموں وکشمیر کے عوام سے خطاب کیا جس میں اُنہوں نے کووِڈ وَبائی امراض کے خلاف جنگ میں حکومت کی کوششوں کی تکمیل کے لئے مختلف شراکت داروں سے فعال شرکت کی خواہش کی ہے۔
اَپنے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے منتخب پی آرآئی کے نمائندوں ، اَساتذہ ، آشا ، آنگن واڑی ، اے این ایم ارکان اور رضاکار تنظیموں پر زور دیا کہ وہ دیہی علاقوں میں کووِڈ سے بچاو کے اِقدامات کو موثر انداز میں نبھانے کے لئے فعال رول ادا کریں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں وکشمیر کے دیہی علاقوں میں کورونا وائرس کے پھیلاو کے پیش نظر اِنتظامیہ نے لوگوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کے لئے ہر پنچایت میں ایک آکسیجن معاون بیڈ سمیت پانچ بستروں پر مشتمل کووِڈ سینٹر قائم کرنے کا آغاز کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا”میں تمام ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی چیئرپرسن ممبران ، سرپنچ اور پنچ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ پنچایتوں کی نچلی سطح پر کووِڈ کیئر سہولیات کے قیام اور کاررِوائی میں اَپنی مدد اور شراکت کے علاوہ رورل کمیونٹیوںمیں بیداری پیدا کریں۔“
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم دیہی علاقوں میں کام کرنے والے تمام منتخب پنچایت نمائندوں ، اَساتذہ ، اے ایس ایچ اے، آنگن واڑی ، اے این ایم ارکان ،وِلیج ہیلتھ کمیٹیوں اور رضاکارانہ تنظیموں کی فعال شرکت سے اس عالمی وَبائی بیماری پر موثر طریقے سے قابو پاسکتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ کووِڈ کیئر مراکز صحت کی ضروری سہولیات سے آراستہ ہوں گے ۔ہر ایک سینٹرکے پاس مریضوں کی دیکھ ریکھ کے لئے ایک آکسیجن معاون بیڈ ، پی ایچ سی اور سی ایچ سی سے رابطہ ، اَدویات کی دستیابی اور ڈاکٹر کی مستقل مشاورت دستیاب ہوتی ہے۔ لوگوں کے لئے ٹیلی میڈیسن سہولیات کو بھی آپریشنل کیاگیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ صورتحال بتدریج بہتر ہورہی ہے اور یوٹی میں حفاظتی ٹیکہ کاری مہم میں تیزی لائی جارہی ہے۔اَب تک اس میں کل آبادی کا 63فیصد ہدف حاصل ہو چکا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر ویکسی نیشن کے معاملے میں ملک کے سب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی یوٹیوں اور ریاستوں میں شامل ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ کووِڈ مثبت مریضوں یا ان لوگوں کو جو گھریلو علامات پیدا کر چکے ہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہیں فوری طور پر کمیونٹی ہیلتھ ورکروں اور ڈاکٹروں سے رابطہ کرنا چاہیئے۔ وِلیج ہیلتھ کمیٹیوں کو ان مراکز میں طبی سہولیات ، مریضوں کی دیکھ ریکھ کے انتظام کی دستیابی کو یقینی بنانا ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایک مستحکم نظام کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اس پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموں وکشمیر کے عوام کی صحت اور خوشگوار زندگی کے لئے دعا کی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ کووِ ڈ رہنما اصولوں اور ایس او پیز پر من و عن عمل پیر ا رہیں اور کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائیں ۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم باہمی تعاون اورکوششوں سے صحت بحران پر قابو پالیں گے اور جموںوکشمیر یوٹی کو ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔