ڈاکٹر عبدالواجد زرگر
مورخہ ۴ نومبر۲۰۲۳ء کو گورنمنٹ ڈگری کالج برائے طالبات نواکدل سرینگر میں کالج ہٰذہ اور اینٹی کرپشن بیو رو سرینگر کے اشتراک سے ایک پروگرام بعنوان’’ بدعنوانی سے پاک جموں و کشمیر‘‘ منعقد کیا گیا، پروگرام کا افتتاح ڈاکٹر محی الدین زور کشمیری نے کیا مہمانوں اور حاضرین کا استقبال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس پروگرام کا تعلق ہماری غیر نصابی سرگرمی سے ہے ہمارا فرض ہے کہ ہم نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے طلبہ کو ان کا مستقبل بہتر بنانے کے لیے ایسے مسائل سے آگاہ کریں جن کا سامنا انہیں زندگی کے مختلف شعبہ جات میں کرنا پڑے گا۔ اس کے بعد چیف پروسیکیوٹنگ آفیسر اینٹی کرپشن بیورو سرینگر جناب غلام جیلانی نے بدعنوانی کے موضوع پر مدلل گفتگو کرتے ہوئے بدعنوانی اور رشوت ستانی کے بے شمار نکات کا تجزیہ کرتے ہوئے حاضرین کو بد عنوانی کے کئی ذرائع سے روشناس کرایا، انہوں نے کہا کہ پاور یعنی طاقت انسان کو کرپٹ بنا دیتی ہے اس لیے ہمیں ایک ایماندار شخص چاہیے جس سے اس سسٹم میں تبدیلی آسکے یہ کہتے ہوئے انہوں نے ایک قابل اور لائق شخص پر ایماندار شخص کو فوقیت دیتے ہوئے کہا کہ ایک ایماندار آدمی ہی بدعنوانی سے پاک معاشرہ قائم کر سکتا ہے۔ جناب جیلانی نے خطاب کے آخر میں اس بات پر زور دیا کہ ہم بدعنوانی کو ختم نہیں کر سکتے بلکہ کسی حد تک اسے کم کر سکتے ہیں۔ پروگرام کے دوسرے مقرر انجینئر اعجاز مسعودی ایگزیکٹیو انجینیئراینٹی کرپشن بیو رو سرینگر نے بدعنوانی پر اپنے خیالات پیش کیے، بدعنوانی کی مختلف اقسام پر بات کرتے ہوئے انھوں نے سماجی، سیاسی اور ماحولیاتی سطح پر بدعنوانی کے مضر نتائج اور نقصانات سے حاضرین کو روشناس کرایا۔ مہمان خصوصی اور میزبان کالج کے پرنسپل ڈاکٹر محمد فاروق میر نے پروگرام سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ضروری نہیں ہے کہ ایک استاد یا محکمہ تعلیم کو کرپشن سے آزاد کہا جا سکتا ہے، بدعنوانی کا مطلب بہت وسیع ہے اس کے کئی پہلو ہیں انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو اپنے اپنے تعلیمی اداروں میں اخلاقیات کا خاص خیال رکھنا چاہے اگر ایک استاد دیانت داری سے طلبہ کو نہیں پڑھائے گا تو اس کو سب سے بڑی بدعنوانی سے تعبیر کیا جا سکتا ہے پروگرام کے آخر میں سوالات کی نشست کے تحت طلبہ نے متعلقہ موضوع کے حوالے سے کئی سوالات پوچھے جن کے اینٹی کرپشن بیورو سے وابستہ کارکنان نے مطمئن اور منطقی جوابات دیے ۔پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر محی الدین زورکشمیری نے تمام مہمانوں اور حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام ایک بہتر معاشرے کی تشکیل کے لیے بے حد مفید ہیں اور ہم آئندہ بھی ایسے پروگراموں کے انعقاد کے لیے کوشاں رہیں گے۔