کہا وزیر داخلہ امیت شاہ سے معاملہ اٹھاؤں گا، سیاحت کے شعبے میں اصلاحات اور نئی منزلوں کی نشاندہی جاری
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ پہلگام حملے کے بعد بند کئے گئے سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے کا وقت آ گیا ہے اور اس معاملے پر وزیر داخلہ امیت شاہ سے بات کی جائے گی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ سیاحت کے شعبے میں رجسٹریشن قوانین فرسودہ ہیں اور انہیں آسان و شفاف بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔وائس آف انڈیا کے مطابق جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو اسمبلی میں کہا کہ پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد بند کئے گئے سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ کے مجوزہ دورے کے دوران یہ معاملہ حکومت ہند کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ عمر عبداللہ نے کانگریس ایم ایل اے نظام الدین بھٹ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ درست ہے کہ گزشتہ برس اپریل میں پہلگام کے بائیسارن علاقے میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد تقریباً 50 سیاحتی مقامات بند کر دیے گئے تھے، جن میں سے کچھ کو ستمبر میں دوبارہ کھولا گیا، تاہم کئی اب بھی بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں رجسٹریشن اور تجدید کے قوانین 1978 سے نافذ ہیں اور اب محکمہ سیاحت ان قوانین کو آسان، شفاف اور وقت کی پابندی کے ساتھ بنانے کیلئے نظرثانی کر رہا ہے۔ ان کے مطابق نئے ضوابط سے کاروباری سہولت میں اضافہ ہوگا اور تاخیر و بدعنوانی پر قابو پایا جا سکے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیاحت ریاست میں براہ راست اور بالواسطہ روزگار کا بڑا ذریعہ ہے۔ محکمہ سیاحت مختلف تقریبات اور میلوں کے ذریعے اس شعبے کو فروغ دے رہا ہے، جس سے ایونٹ مینیجرز، ٹرانسپورٹ آپریٹرز، ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئیٹرز، ہاسپیٹلٹی ورکرز، گائیڈز، دستکار اور دیگر افراد کو روزگار کے مواقع مل رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ سیاحت کی جانب سے کیفے ٹیریا، ہٹس، پارکنگ ایریاز اور ٹکٹنگ جیسے اثاثے آؤٹ سورس کئے جاتے ہیں، جس سے نوجوانوں کو مستقل روزگار حاصل ہوتا ہے۔ حکومت نے ہوم اسٹے رجسٹریشن کیلئے آسان رہنما خطوط بھی جاری کئے ہیں تاکہ دیہی اور سرحدی علاقوں میں کمیونٹی کی شمولیت بڑھائی جا سکے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ مہمان خانوں، ہوٹلوں، ہوم اسٹے، ٹریول ایجنسیوں اور دیگر سیاحتی یونٹس کی رجسٹریشن و تجدید اب آن لائن کی جا رہی ہے اور یہ عمل پبلک سروسز گارنٹی ایکٹ کے تحت 30 دن میں مکمل کیا جاتا ہے۔ تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ موجودہ نظام پیچیدہ ہے اور بدعنوانی کا باعث بنتا ہے، اس لئے اسے مزید آسان اور مؤثر بنانا ضروری ہے۔ ایم ایل اے سجاد شاہین کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ حکومت رامبن ضلع میں نئی سیاحتی منزلوں کی نشاندہی کر رہی ہے، جن میں گوڈاگلی، ناتھا ٹاپ، دگن ٹاپ، نیل ٹاپ، مہو، سروادھر (پوگل پریستان)، سرگلی پوگل، چندرکوٹ اور بھٹنی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2025-26 کیلئے بنیہال-گول حلقے میں سیاحتی ڈھانچے کی ترقی کیلئے 117.27 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔









