جموں وکشمیر میں کورونا کے کیسوں میں اضافے اور آکسیجن کی کمی کے باعث آئے روز ہورہی اموات کے بیچ کشمیر وادی کےلئے مخصوص 5 آکسیجن جنریشن پلانٹوں کو جموں منتقل کرنے کا انکشاف ہواہے جس پر وادی بھر میں شدید غمہ وغصہ کا اظہارکیا جارہا ہے۔ اس دوران حکام نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ یونٹوں کو شدید ضرورت کے باعث جموں منتقل کرنا پڑ ا ہے جہاں اپنے آکسیجن جنریشن یونٹ پہنچنے میں تاخیر ہوئی ہے۔ سٹیٹ نیوز سروس کو ملی تفصیلات کے مطابق حکام کشمیر صوبے کیلئے مخصوص آکسیجن پیدا کرنے والے 5 یونٹوں کو جموں منتقل کررہاہے جس کے بعد کشمیر وادی میں شدید ناراضگی کا اظہار کیا جارہاہے۔ میکنیکل انجینئرنگ محکمہ کے مطابق سرکار کی جانب سے جموں وکشمیر صوبوں کیلئے فی کس ایک ارب 25کروڑ روپے منظور کئے تھے جن سے 37 پریشر سوئینگ ایڈزارپشن آکسیجن یونٹ (Pressure swing adsorption oxygen unit) 31مئی سے قبل نصب کرنے تھے۔ذرائع کے مطابق کشمیر صوبے کی انتظامیہ یہ آکسیجن یونٹ کورونا وائرس کی مہاماری کے باوجود حاصل کرنے میں ناکامیاب ہوئی لیکن جموں کی صوبائی انتظامیہ نے اس معاملے پر لیت ولعل کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے وہاں یہ یونٹ پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔اس دوران صوبے میں کورونا وائرس کی وجہ سے اموات کی شرح میں زبردست اضافہ ہوا اور روزانہ درجنوں کی تعداد میں کووڈ۔19کے مریض دم توڑ بیٹھے۔حالانکہ مذکورہ آکسیجن یونٹ ٹھیکہ الارٹ ہونے کے 7مئی تک ہی وصول کرنے تھے، کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافہ ہونے اور شرح اموات بڑھنے کے بیچ انتظامی ناکامی کو چھپانے کیلئے وادی کیلئے مخصوص ایک ہزار لیٹر فی منٹ آکسیجن تیارکرنے والے 3یونٹ جموں منتقل کردئے گئے ہیں۔ایس این ایس کو ذرائع سے ملی تفصیل کے مطابق وادی کشمیر کے نام پر اگرچہ اب تک 20یونٹ وصول کئے گئے ہیں تاہم ان میں سے صرف 17کو چالو کیا گیا ہے جبکہ 9مزید پی ایس اے آکسیجن یونٹ ایک یا دو دن کے اندر پہنچ رہے ہیں۔ان میں کشمیر حصے کے 8 اور جموں حصے کا ایک یونٹ شامل ہے۔ ان 9یونٹوں میں سے 7بذریعہ طیارہ جبکہ 2بذریعہ سڑک لائے جارہے ہیں۔ جموں منتقل کئے جانے والے 5یونٹوں میں سے 3سرینگر کے صدر اسپتال اور جواہر لعل نہرو میموریل اسپتال کیلئے تھے جبکہ ایک اننت ناگ اور 2بارہمولہ اسپتال کیلئے مخصوص تھے۔کشمیر صوبے کے مکینیکل انجینئرنگ محکمہ کے چیف انجینئر عبد الرشید ڈار نے اعتراف کیا کہ کچھ آکسیجن جنریشن یونٹ جموں منتقل کئے گئے ہیں۔انہوں نے ایس این ایس کو بتایا کہ ایک ہزار لیٹر فی منٹ آکسیجن پیدا کرنے والے 2یونٹ جموں منتقل کردئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں والوں کا کنٹریکٹ فیل ہوچکا ہے جبکہ کشمیر کی انتظامیہ اس ٹھیکہ کو بچانے میں کامیاب ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اب ہم یہاں سے جموں کیلئے 6پلانٹوں کا آرڈر دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کیلئے37پی ایس اے آکسیجن جنریشن یونٹوں کا آرڈر دیا گیا تھا جن میں 34اب بذریعہ جہاز لائے جارہے ہیں ۔چیف انجینئر کے مطابق جب یہ سبھی یونٹ ملیں گے تو ہم آکسیجن کی پیدا وار ی صلاحیت میں خود کفیل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جموں منتقل کئے گئے یونٹ 45روز کے اندر واپس لائے جائیں گے۔
126