152

مائیکروسافٹ کی بہترین ویڈیو کانفرنسنگ سروس اب لوگوں کے لیے مفت دستیاب

زوم اور گوگل میٹ جیسی ویڈیو کانفرنسنگ سروسز کے مقابلے میں مائیکروسافٹ ٹیمز کو عام افراد کے لیے متعارف کرادیا گیا ہے۔

اس سے قبل مائیکروسافٹ ٹیمز کو کاروباری اداروں کے لیے متعارف کرایا گیا تھا مگر اب اسے زوم اور گوگل میٹ کو ٹکر دینے کے لیے عام افراد کے لیے پیش کیا گیا۔

یہ مفت سافٹ ویئر مائیکرو سافٹ ٹیمز کے بزنس ورژن سے ملتا جلتا ہے جس میں آفس 365 کی سبسکرائپشن اور ویڈیو کالز، گروپ چیٹس اور ٹولز بھی شامل ہیں۔

مائیکرو سافٹ ٹیمز میں 24 گھنٹے تک ون آن ون مفت ویڈیو کالز کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

کمپنی کی جانب سے گروپ ویڈیو کالز کو 24 گھنٹے تک جاری رکھنے کی سہولت دی گئی ہے جس میں 300 افراد کو شامل کیا جاسکتا ہے۔

تاہم بتدریج مفت گروپ کالز کا دورانیہ اور لوگوں کی تعداد کو محدود کیا جائے گا یعنی ایک گھنٹے تک 100 افراد سے بات کی جاسکے گی۔

مگر کمپنی نے فی الحال یہ واضح نہیں کیا کہ ایسا کب تک ہوگا۔

صارفین مائیکرو سافٹ ٹیمز میں ٹوگیدر موڈ کو بھی استعمال کرسکیں گے جس میں لوگ ویڈیو کال کے دوران بیک گراؤنڈ شیئر کرسکیں گے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران ویڈیو چیٹ اور کانفرنسنگ سروسز کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا اور حالات کسی حد تک معمول پر آنے کے بعد بھی لوگوں کی جانب سے ان سروسز کے ذریعے ہی خاندان اور دوستوں سے رابطے پر انحصار کیا جارہا ہے۔

مائیکرو سافٹ کے مطابق آن لائن کالز سے لوگوں کے اندر یہ احساس پیدا ہوتا ہے کہ وہ اپنے پیاروں کے ساتھ ایک ہی جگہ پر موجود ہیں۔

مائیکروسافٹ ٹیمز کا مفت سافٹ ویئر ڈیسک ٹاپ ایپ اور ویب براؤزر پر دستیاب ہے جبکہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپس بھی جاری کی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں