صوبہ جموں کے ڈوڈہ ضلع میں اپنی نوعیت کے انتہائی سنسنی خیز، انسانیت سوز اور دلخراش سانحے میں ایک شہری نے 11ویں اور 9ویں جماعت میں زیر تعلیم اپنے دو نوعمر بیٹوں کا بے دردی کے ساتھ قتل کردیا ہے جس کے بعد اس نے خود پر بھی گولیاں چلا کر اپنا کام تمام کردیا۔پورے علاقے میں اس سانحے سے ماتم کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ پولیس نے کیس رجسٹر کرکے تحقیقات شروع کردی۔ایس این ایس کو پولیس ذرائع سے معلوم ہواہے کہ ڈوڈہ ضلع کے کہارہ تحصیل میں اپر گلو نامی گاﺅں میں سوموار کو رات کے پونے دس بجے کے قریب اس وقت قتل کی ایک سنسنی خیز اور دلخراش واردات پیش آئی جب 38سالہ سنیت سنگھ ولد چونی لعل نامی ایک شہری نے گیارہویں اور نویں جماعت میں زیر تعلیم اپنے دو نو عمر لڑکو ں کمل کنتھ اور چندر کنتھ جن کی عمر بالترتیب 17اور 5اسال تھی، پرنامعلوم وجوہات کی بنا پر بندوق کا دہانہ کھول دیا اور پے درپے گولیاں چلاکر دونوں کو موقعہ پر ہی ڈھیر کردیا جس کے بعد قاتل نے خود پر بھی گولی چلائی اور اپنا کام تمام کردیا۔پولیس ذرائع کے مطابق را ت کی تاریکی میں پیش آئے اس واقعہ نے پورے علاقے میں کہرام مچادیا اور ہر سو ماتم کی لہر چھاگئی۔گوکہ مقتولین کو اسپتال لیجانے کی کوشش بھی کی گئی تاہم وہ پہلے ہی دم توڑ بیٹھے تھے۔سانحے سے متعلق خبر پاتے ہی ایس ڈی پی او گنڈودھ شہزادہ کبیر متو ،ایس ایچ او گنڈودھ وکرم سنگھ اور پولیس پوسٹ کہارہ کی ٹیم جائے واردات پر پہنچی اور تینوں لاشوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔اس دوران ایس ڈی ایم ٹھاٹھری اطہر امین زرگر نے ایس این ایس کو بتایا کہ تینوں افراد گولیوں سے ہلاک ہوچکے تھے اور ان کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد لاشوں کو آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے ورثاءکے حوالے کردیا گیا ہے۔معلوم ہواہے کہ سنیت سنگھ کے پاس بارہ بور کی ایک رائفل تھی اور اپنے بچوں کو قتل کرنے کیلئے اس نے اسی رائفل کا استعمال کیا جس کے بعد حواس باختہ ہوکر اس نے اپنے آپ پر بھی گولی چلائی اور اپنا خاتمہ کردیا۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس رجسٹر کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
109