ڈپٹی کمشنر بڈگا م نے ہاﺅسنگ کالونی اومپورہ میںتیندوے کے حملے میں ہلاک ہونے والی 4سالہ معصوم بچی کیلئے محکمہ وائلڈ لائف کے رینج افسرکو ڈیوٹی میں مبینہ طور غفلت شعاری کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے نوکری سے معطل کردیاہے۔ ایس این ایس کو نمائندے سے معلوم ہواہے کہ ڈپٹی کمشنر بڈگا م شہباز احمد مرزا نے ہاﺅسنگ کالونی اومپور ہ میںپیش آئے سانحہ جس میں ایک 4سال کی معصوم بچی کو تیندوے نے اٹھاکر اپنا نوالہ بنایا اور جس کی لاش جمعہ کو نزدیکی نرسری سے برآمد کی گئی کا سنجیدہ نوٹس لیتے وائلڈ لائف کے رینج افسر کو ڈیوٹی میں غفلت شعاری کا مرتکب قرار دیتے ہوئے نوکری سے معطل کردیا ہے۔نمائندے کے مطابق اس سلسلے میں ڈی سی آفس بڈگام میں ایک ہنگامی میٹنگ منعقدہوئی جس میں اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں اس قسم کے واقعات کو روکنے کے حوالے سے کئی اہم فیصلے لئے گئے۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ وائلڈ لائف کو جنگلی علاقوں اور نرسریوں کے نزدیک رہائش پزیر لوگوں کے جان ومال کو جنگلی درندوں کے حملوں سے بچانے کیلئے مکمل اقدام کرنے کی ہدایت دی اور اس سلسلے میں اپنی افرادی قوت کو متحرک کرنے پر بھی زور دیا تاکہ پھر کوئی معصوم شہری جنگلی درندوں کے حملوں کا شکار نہ ہوجائے۔
112