204

آری گام خان صاحب کے عرفان کی لاش 20 گھنٹے کے بعد نالے سے برآمد

نوعمر طالب علم کی میت گھر پہنچنے پر علاقے میں صف ماتم،اشک بار آنکھوں سے سپرد لحد


پولیس نے ایس ڈی آر ایف اور مقامی لوگوں کے تعاون سے آری گام خانصاحب میں بدھ کو غرقآب ہوئے 14سال کے عرفان احمد کی لاش 20گھنٹے کی انتھک کوششوں کے بعد نالہ دودھ گنگا سے برآمد کی جس کو ابتدائی قانونی لوازمات کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا۔عرفان کی میت گھر پہنچنے پر وہاں کہرام مچ گیا اور پورے علاقے میں صف ماتم بچھ گئی۔ایس این ایس نمائندے کے مطابق آری گام خانصاحب میں بدھوار کو دوپہر کے بعد عرفان احمد نامی 14سال کا ایک نو عمر طالب علم نالہ دودھ گنگا میں اس وقت غرقآب ہوا جب وہ وہاں نہانے گیا تھا۔نمائندے کے مطابق عرفان کے غرقآب ہونے کی خبر پورے علاقے میں آگ کی طرح پھیل گئی اورمقامی لوگ اس کو بچانے کیلئے دوڑ پڑے۔اس دوران پولیس ،ایس ڈی آر ایف اور غوطہ خور پولیس ٹیم بھی جائے حادثے پر پہنچ گئی اور بچاﺅ کاروائی شروع کی۔ اس کاروائی کے دوران رافٹ کشتیوں کا بھی استعمال کیا گیا لیکن عرفان کا کوئی اتہ پتہ نہیں چل سکا۔حالانکہ بچاﺅ کاروائی رات کے 11بجے تک جاری رہی جس کے بعد اندھیرا چھا جانے کی وجہ سے بچاﺅ کاروائی کو صبح ساڑھے 6بجے تک ملتوی کردیا گیا۔صبح ساڑھے6بجے جونہی کاروائی شروع کی گئی تو ایس ڈی آر ایف اور رضاکار نوجوانوں نے بھی حصہ لیا اور تقریباً 20گھنٹوں کی انتھک کوششوں کے بعد عرفان احمد بٹ ولد عبدالرشید بٹ ساکن آری گام کی میت اسی جگہ سے برآمد کی گئی جہاں وہ غرقآب ہوا تھا۔عرفان احمد کی میت جونہی اس کے گھر پہنچائی گئی تو وہاں ہر طرف سے کہرام مچ گیا اور صف ماتم بچھ گئی۔قابل ذکر ہے کہ پچھلے ایک ہفتہ کے دوران وادی کے مختلف علاقوں میں غرقآب ہونے کے حادثات رونما ہوئے اور انسانی جانوں کا زیاں ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں