220

سوپور حملے میں عسکری تنظیم لشکر طیبہ ملوث ، حملہ آوروں کی شناخت ہو گئی ہے / دلباغ سنگھ

سوپور حملے میں عسکری تنظیم لشکر طیبہ ملوث ہے کی بات کرتے ہوئے جموں کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ ملوثین کو بخشا نہیں جائے گا اور جلد ہی انہیں سزا دی جائے گی ۔ سی این آئی کے مطابق سوپور حملے میں ہلاک ہوئے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقد ہ ایک تقریب پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جموں کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ سوپور حملے میں لشکر کا گروپ ملوث ہے جن کی شناخت کر لی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوپور میں کورونا کوفیو کے نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے سوپور پولیس اسٹیشن سے وابستہ پولیس پارٹی کو چوک میں تعینات کیا گیا تھا جب مسلح جنگجوﺅں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران طرفین کے مابین فائرنگ ہوئی جبکہ مسلح جنگجوﺅںکی فائرنگ کے نتیجے میں قریب کچھ پولیس اہلکار اور نزدیکی سبزی و میوہ فروش زخمی ہو گئے جن کو علاج و معالجہ کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم وہاں دو پولیس اہلکار اور دو عام شہری زندگی کی جنگ ہار گئے ۔ انہوں نے کہا کہ حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور جلد ہی ان حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالا جائے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں دلباغ سنگھ نے کہا کہ جموں کشمیر میں عسکریت کا گراف کم ہوتا جا رہا تھا اور فورسز نے تمام علاقوں میں کنٹرول حاصل کر لیا تھا تاہم کووڈ کی وجہ سے آپریشنوں میں خلل ہوئی ۔ تاہم انہوں نے واضح کر دیا کہ ایسی کسی بھی کوشش کو آگے کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور حملہ میں ملوث جنگجوﺅں کو بخشا نہیں جائے گا بلکہ جلد ہی انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں