246

40 کے اے ایس افسران کو IAS کیڈر میں شامل کرنے کی تیاریاں شروع

22سال بعد 1999بیچ کے افسران کو بڑا فائدہ پہنچنے کاامکان،GADلسٹ تیار کرنے میں مصروف


جموں وکشمیر میں IAS افسران کی بڑھتی قلت کو کم کرنے کیلئے تقریباً ایک دہائی کے لمبے عرصے کے بعد کشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروس کے کم از کم 40افسران کو ترقی سے نواز کر IASکیڈرمیں شامل کیا جارہاہے جس کیلئے باضابطہ طور اقدامات کا آغاز ہوگیا ہے۔اس فیصلے سے 1999بیچ کے KAS افسران کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا جو پچھلے 22سال سے IASمیں شامل کئے جانے کے منتظر ہیں۔ایس این ایس کو باوثوق سرکار ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے KAS افسران کو IAS کیڈر میں شامل کرانے کے منصوبے پر کاروائی کا آغاز کیا ہے اور اس سلسلے میں سینیارٹی لسٹ ترتیب دی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ 4سے 6مہینوں کے اندر روبہ عمل لایاجارہاہے۔اس سلسلے میں حتمی لسٹ یونین پبلک سرو س کمیشن کو بھیجی جائے گی جس کے بعد جموں وکشمیر سرکار اور UPSC کی اس معاملے پر محکمانہ ترقیوں سے متعلق میٹنگ ہوگی اور حتمی فیصلہ صادر کیا جائے گا۔معلوم ہواہے کہ اس لسٹ میں وہ افسران بھی شامل ہیں جو اب نوکریوں سے سبکدوش ہوچکے ہیں تاہم انہیں فیصلہ سامنے آنے کے بعد سروس رولز کے مطابق فائدہ ہوگا۔کم از کم 35سے 40کے اے ایس افسر اس فیصلے سے مستفید ہونگے اور اس کا سب سے زیادہ فائدہ 1999بیچ کے کے اے ایس افسران کو ہوگا جو ابھی تک 22سال سے اس فیصلے کے منتظر ہیں۔پچھلے 10سال سے جموں وکشمیر کے کسی بھی کے اے ایس کیڈر کے افسر کو آئی اے ایس نہیں ملا ہے۔ذرائع کے مطابق اب کی بار جو افسر آئی اے ایس کیڈر میں شامل کئے جائیں گے ان کو AGMUT کیڈر ملے گا جس کے مطابق افسران کو اروناچل پردیش،گوا،میزورم اور جموں وکشمیر میں کہیں بھی تعینا ت کیا جاسکتا ہے۔ 5اگست 2019کے فیصلے کے بعد جموں وکشمیر کو UPSCکے تحتAGMUTکا کیڈر دیاگیاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں