بجٹ میںصحت، ایجوکیشن اور عوامی اہمیت کے حامل پروجیکٹوں پر خصوصی توجہ مرکوز
جموں وکشمیر سرکار نے یونین ٹریٹری کی تعمیر وترقی کیلئے سال 2021-22 کے مالی بجٹ کیلئے ساڑھے 12ہزار کروڑ روپے کی خطیر رقم کا ضلعی کپیکس بجٹ کو منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بجٹ گزشتہ مالی سال کے بجٹ سے دوگناہے اور سرکار یونین ٹریٹری کے تمام علاقوں کی یکساں اور کلہم ترقی کو یقینی بنائے گی۔ایس این ایس کے مطابق لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کے دفتر سے جاری کئے گئے سلسلہ وار ٹویٹوں میں کہا گیا ہے کہ بدھ کو ایل جی انتظامیہ نے جموں وکشمیر کےلئے 12ہزار 6سو اعشاریہ 58کروڑروپے کے ڈسٹرکٹ کیپکس بجٹ 2021-22کو منظوری دی ہے جو گزشتہ سال کے مالی بجٹ سے دوگنا ہے اور اس کے ذریعے سے جموں وکشمیر کے ہر علاقے میں تعمیر وترقی کے کاموں کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی اقتصادی صورتحال بھی بہتر بنائی جائے گی۔مالی بجٹ کا منصفانہ استعمال کرنے کیلئے اس میں پنچائتی اداروں،بلا ک ڈیولپمنٹ کونسلوں اور ڈی ڈی سی کو بھر پور شرکت کے ساتھ شامل کیا جائے گا۔ ٹویٹوں میں مزید کہا گیا ہے کہ مالی بجٹ کو عوامی ضروریات کے عین مطابق اور سماجی، اقتصادی پہلوﺅں کو پیش نظر رکھ کر تیار کیا گیاہے۔اور اس کی مدد سے شمولیاتی ترقی کو یقینی بنایاجائے گا۔ لوگوں کی بنیادی سطح کی ضروریات کو خاطر میں لاتے ہوئے صحت، تعلیم اور بنیادی اہمیت کے حامل شعبوں کی طرف خصوصی توجہ دی جائے گی۔ایل جی نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے زیر تعمیر پروجیکٹوں کی تعمیر میں حائل مالی دشواریوں کو دور کرتے ہوئے ان کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔اس کے علاوہ جان بھاگیہ داری جذبے کے تحت رواں سال کے دوران دردست لئے گئے80فیصدکاموں کو رواں سال کے دوران ہی مکمل کیاجائے۔ایل جی نے ڈپٹی کمشنروں سے کہا کہ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کئے جارہے کام زمینی سطح پر دکھے جانے چاہئیں اور لوگوں کو محسوس ہونا چاہئے کہ ترقیاتی عمل آگے بڑھ رہاہے۔