124

وزیر اعظم کے ساتھ کل جماعتی میٹنگ سے قبل سیاسی جماعتوں کی گہما گہمی میں اضافہ

فاروق عبداللہ کی صدارت میںPAGD کا اجلاس آج،بی جے پی نے بھی نشست طلب کی


24جون کو نئی دلی میں وزیر اعظم کی سربراہی میں جموں وکشمیر کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے طلب کی گئی کل جماعتی میٹنگ سے قبل یونین ٹریٹری میں قومی دائرے کی سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں میں گہما گہمی زوروں پر ہے۔ اس بیچ آج نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی صدارت میں PAGDکی اہم میٹنگ طلب کی گئی ہے جس میں وزیر اعظم کی جانب سے طلب کی گئی میٹنگ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں فیصلہ لیا جائے گا۔اس بیچ بی جے پی نے بھی آج جموں میں ایک میٹنگ طلب کی ہے جس میں گپکار الائنس کی حکمت عملی کا توڑ کرنے کیلئے ایجنڈا زیر بحث رہے گا۔ایس این ایس کے مطابق نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ جو 7ماہ قبل20اکتوبر 2020کو تشکیل دئے گئے پیوپلز الائنس فار گپکار ڈکلریشن کے سربراہ بنائے گئے ،نے آج سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر ایک اہم میٹنگ طلب کی جس میںپی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی سمیت PAGDسے وابستہ سبھی جماعتوں کو شرکت کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔معلوم ہواہے کہ میٹنگ کے دوران وزیر اعظم کی جانب سے طلب کی گئی میٹنگ میںشرکت کرنے یا نہ کرنے پر غوروخوض کیا جائے گا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ایس این ایس ذرائع کے مطابق نیشنل کانفرنس کل جماعتی میٹنگ میں شرکت کا اصولی طور فیصلہ لے چکی ہے تاہم پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کو اس حوالے سے کچھ تحفظات ہیں۔ذرائع کے مطابق محبوبہ مفتی وزیر اعظم کے ساتھ میٹنگ میں شرکت 4اگست2019کی پوزیشن بحال کرنے اور نظر بند تمام قیدیوں کو رہا کرنے سے مشروط کرنا چاہتی ہے۔جبکہ نیشنل کانفرنس کا ایجنڈا ہے کہ دفعہ 370کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر کی مکمل آئینی پوزیشن بحال کی جائے۔البتہ نیشنل کانفرنس میٹنگ میں شرکت کی خواہشمند ہے اور پارٹی وزیر اعظم کے سامنے ایک مکمل ایجنڈارکھنا چاہتی ہے تاکہ آئندہ اسمبلی الیکشن سے قبل ریاستی عوام کا اعتماد بحال کیا جاسکے۔پیوپلز کانفرنس کے سجاد غنی لون،اپنی پارٹی کے الطاف بخاری اور کانگریس کے غلام احمد میر پہلے ہی کل جماعتی میٹنگ میں شرکت کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔اس بیچ بی جے پی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدررویندر رینا نے بھی آج یعنی منگل کو پارٹی کی خصوصی میٹنگ طلب کی ہے جس میں وزیر اعظم کے ساتھ PAGDکی میٹنگ کے ایجنڈے کا توڑ کرنے کا خاکہ ترتیب دیا جائےگا۔رویندر رینا نے خود کہا کہ بی جے پی PAGDکے ایجنڈے کے خلاف اپنی حکمت عملی طے کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں