226

محبوبہ مفتی کی والدہ کے نام انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا تازہ سمن جاری

عین اس وقت جب جموں وکشمیر میں سیاسی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے حدبندی کمیشن نے اپنے مشن کا آغاز کیا ،انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی کی والدہ کے نام ایک سمن جاری کیا ہے جس میں انہیں 14جولائی کو ای ڈی کے زونل آفس سرینگر میں ذاتی طور پیش ہونے کی ہدایت دی گئی۔اس بیچ محبوبہ مفتی نے ای ڈی سمن کو پی ڈی پی کی جانب سے حد بندی کمیشن کو نہ ملنے پر سیاسی انتقام گیری سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سرکار کے پاس اب بزرگ شہریوں کیلئے بھی کوئی استثنیٰ نہیں ہے۔ایس این ایس کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منگل کو پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی والدہ گلشن نذیر زوجہ مرحوم مفتی محمد سعید کے نام ایک سمن زیر نمبرEDR16/1110/2020بتاریخ 06/07/2021جاری کیا ہے جس میں انہیں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے زونل آفس راجباغ سرینگر میں حاضر ہونے کیلئے کہا گیا ہے۔61سالہ گلشن نذیر کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اس سال 25مارچ کو منی لانڈرنگ کا ایک کیس درج کرلیا گیا جس پر15اپریل کو ان سے سرینگر کے زونل آفس میں 5گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی گئی۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تازہ سمن میں موصوفہ کو پھر اسی کیس میں پوچھ تاچھ کیلئے 14جولائی دن کے 11بجے طلب کیا گیا ہے۔اس دوران پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ماں کے خلاف جاری کئے گئے ای ڈی کے نوٹس کو سیاسی انتقام گیری سے تعبیر کیا اور کہا کہ حد بندی کمیشن کو ملنے سے کیا انکار کیا کہ اسی روز ماں کے نام ای ڈی کا سمن موصول ہوا اور انہیں از خود حاضر ہونے کا فرمان بھی سنایا گیا۔ایک ٹویٹ میں محبوبہ مفتی نے کہا کہ سیاسی مخالفوں کی آواز کو کچلنے کیلئے بھارت سرکار اب بزرگ شہر یوں کا بھی پاس و لحاظ نہیں کرتی ہے۔یہاں تک کہ این آئی اے اور ای ڈی جیسی ایجنسیوں کو سرکار اپنے مقاصد کیلئے ہتھیاروں کے طور استعمال کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی اپنے جمہوری اور آئینی حقوق سے دستبردار نہیں ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں