223

شمالی کشمیرمیں 11 برسوں سے سرگرم حزب کمانڈر معراج الدین حلوائی گرفتاری کے بعد شبانہ انکاﺅنٹرمیں جاں بحق

ہندوارہ/جموں و کشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے معراج الدین حلوائی عرف عبید نامی حزب المجاہدین کے اعلیٰ کمانڈر کو ایک جھڑپ میں ہلاک کیا ۔پولیس کے مطابق یہ شبانہ جھڑپ شمالی ضلع کپواڑہ کے پازی پورہ ہندوارہ میں ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایاکہ مطلوب حزب کمانڈرعبید کئی عام شہریوں اورسیکورٹی اہلکاروں کی ہلاکت میں ملوث تھا ،اوروہ سیکورٹی فورسزکوطویل عرصہ سے مطلوب تھا۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس نے ایک بیان میں کہاکہ حزب کمانڈر معراج الدین حلوائی عرف عبید ساکنہ خوشحال متو سوپورکوہندوارہ پولیس اورایس ایس بی کے اہلکاروں نے منگل کوشام دیر گئے وٹائن ہندوارہ کے نزدیک کووڈچیک پوائنٹ پر گرفتار کیا ۔بیان کے مطابق دوران پوچھ تاچھ معراج الدین عرف عبید نے بتایاکہ اُس نے اپنا ہتھیارکرالہ گنڈ ہندوارہ کے ایک گاﺅں میں رکھاہے۔ پولیس کے مطابق پولیس، فوج، سی آرپی ایف اورایس ایس بی کی مشترکہ ٹیم جب حزب کمانڈر عبیدکولیکر پازی پورہ رینن کرالہ گنڈ پہنچی تو یہاں اُس نے اُس جگہ کی نشاندہی کی ،جہاں اُس نے ہتھیار چھپا رکھاتھا۔پولیس کے مطابق عبید نے خفیہ جگہ سے اپنیAK47رائفل نکال کرسیکورٹی اہلکاروں پراندھادھند فائرنگ شروع کردی،تاہم جوابی کارروائی میں وہ ماراگیا۔پولیس بیان میں مزیدبتایاگیاکہ جائے واردات سے ایک اے کے 47رائفل اوراسکے چارمیگزینوں سمیت دیگر موادیاسامان بھی برآمد کیاگیا۔پولیس کے مطابق سال2012سے سرگرم حزب کمانڈر معراج الدین حلوائی عرف عبید عسکری محاذ پرکافی سرگرم تھا ،اوروہ کئی ہلاکتوں کیساتھ ساتھ متعددحملوں میں بھی ملوث تھا ،اوراسی بناءپراُس کو A++کیٹگری میں رکھاگیا تھا ۔بیان کے مطابق عبید کئی شہریوں اورسیکورٹی اہلکاروں کی ہلاکتوں میں ملوث تھا، جن میں ایس پی اﺅ مدثر احمدڈار ساکنہ اونت حمام سوپور،سرپنچ حبیب اللہ میرساکنہ گوری پورہ بومئی ،ہائیگام میں چار پولیس اہلکار، 2حریت کارکن اورایک سابق جنگجومعراج الدین ساکنہ بادامی باغ سوپور بھی شامل ہے۔آئی جی پی کشمیر وجئے کمارنے شمالی کشمیرمیں طویل عرصہ سے سرگرم حزب کمانڈرمعراج الدین حلوائی عرف عبید کی ہلاکت کوایک بڑی کامیابی قرار دیاہے ۔کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے دعویٰ کیا کہ معراج الدین حلوائی موجودہ دور کا برہان وانی تھا۔ طویل عرصے سے زندہ بچ جانے والے حزب المجاہدین عسکریت پسند معراج الدین حلوائی عرف عبید کی ہلاکت کے بارے میں آئی جی پی نے بتایا کہ انہیں عبید کی نقل و حرکت کے بارے میں ایک خاص ان پٹ (اطلاع) ملی تھی اور پھر مشترکہ طور پر محاصرہ بچھایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے حلوائی کو ایک ناکے پر زندہ گرفتار کرلیا اور اس سے ایک دستی بم برآمد کیا۔ اس کی پوچھ گچھ کے بعد اس نے کچھ کمین گاہوں کی جانکاری دی، جس کے بعد مشترکہ سرچ آپریشن کا آغاز کیا گیا۔ انکشاف کردہ مقامات میں سے ایک مقام پر ہم عبید کو لے گئے، جہاں اس نے اپنا اے کے 47 رائفل نکال لیا اور فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔ آئی جی پی کمار نے کہا جوابی کارروائی میں وہ مارا گیا اور اس سے اے کے 47 رفل برآمد کی گئی۔آئی جی پی نے کہا کہ کمپیوٹر میں عبید ڈپلوما ہولڈر تھا اور وہ ٹکنالوجی میں مہارت رکھتا تھا۔ وہ مقامی نوجوانوں کو تربیت بھی دیتا تھا۔ وہ بہت سے واقعات میں ملوث تھا اور اس کے خلاف بہت سے مقدمات درج ہیں۔ کمار نے بتایا کہ ان کے انکشاف کردہ دو ٹھکانوں پر چھاپے ڈالنے سے پہلے ہی عسکریت پسند فرار ہو گئے تھے۔پولیس نے مزید بتایاکہ مہلوک حزب کمانڈرمعراج الدین حلوائی عرف عبید، سال 2016 میں مارے گئے حزب کمانڈر برہان وانی کاہم عصر تھا۔ادھرسری نگر میں تعینات دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل عمران موسوی نے بتایا کہ ہندوارہ کے پازی پورہ میں گذشتہ رات جموں و کشمیر پولیس کو موصول ہونے والی خفیہ اطلاعات کی بنا پر مشترکہ آپریشن چلایا گیا۔انہوں نے بتایاکہ آپریشن کے دوران حزب المجاہدین کے ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا ہے۔ اس کے قبضے سے ایک اے کے رائفل اور اس کی چار میگزینیں برآمد کی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں