سرینگر/ وادی کے شمال و جنوب میں جنگجوﺅں کے خلاف جاری آپریشن کے تحت فورسز نے گذشتہ24گھنٹوں کے دوران ہندوارہ،کولگام اور پلوامہ میں2اعلیٰ کمانڈروں سمیت 5مقامی عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا جن میں سے4 کا تعلق لشکر طیبہ جبکہ ایک کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا ۔آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے ان کاروائیوں کو بڑی کامیابی سے تعبیر کرتے ہوئے پولیس اورفورسز اہلکاروں کو مبارکباد دی۔ ادھر بڈگام میں پولیس نے ایک اپر گراونڈ ورکر کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ۔ایس این ایس کے مطابق شمالی کشمیر کے کرالہ گنڈہندوارہ علاقے میں پازی پورہ رینن کے مقام پرجھڑپ کے دوران حزب المجاہدین کے سینئر کمانڈر معراج الدین حلوائی عرف عبید کو مارے جانے کے صرف 6گھنٹے بعد پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر بدھ کی رات کے 11بجے شمالی کشمیر پلوامہ ضلع میں پوچھل نامی گاﺅں کو گھیرے میں لیا اور گھر گھر تلاشی کاروائی شروع کردی۔اس موقعے پر چھپے ملیٹنیٹوں کو لاوڈ سپیکر کے ذریعے سرینڈر کرنے کی پیش کش بھی کی گئی جو پولیس کے مطابق جنگجوﺅں نے ٹھکرادی۔ذرائع کے مطابق رات دیر گئے تک دونوں جانب سے فائرنگ کا کوئی تبادلہ نہیں ہوا جبکہ فورسز نے بھی کوئی کاروائی نہیں کی البتہ گاﺅں سے نکلنے کے تمام راستوں کو بند کردیا گیا اور سیکورٹی کی چوکسی مضبوط کردی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق جمعرات علی الصبح کو فورسز نے ملیٹینٹوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا اورمختصر جھڑپ کے دوران مکان میں چھپے دو ملی ٹینٹوں کو مار دیا گیا۔ آپریشن کے دوران اس مکان کو بھی نقصان پہنچا جس میں جنگجو چھپے ہوئے تھے۔جبکہ پولیس نے جائے واردات سے اسلحہ اور گولی بارود بھی ضبط کرنے کا دعویٰ کیا۔ مہلوک جنگجوﺅں کی شناخت کفایت احمد ساکنہ ڈانگر پورہ پدگام پورہ اورعنایت احمد ساکنہ سامبورہ اونتی پورہ کے طور ہوئی ہے۔ دونوں لشکر طیبہ کے ساتھ وابستہ تھے۔ ابھی یہ جھڑپ جاری ہی تھی کہ فورسز نے کولگام میں ذڈورہ کولگام میں ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر چھاپہ ڈالا جہاں صبح ہونے سے قبل ایک مختصر جھڑپ کے دوران دو جنگجوﺅں کو جاں بحق کردیا گیا۔ جن کی شناخت نثار احمد پنڈت ساکنہ ریڈونی اورشہباز ساکنہ کاترسو کولگام کے طور ہوئی ہے ۔ان دونوں کا تعلق بھی لشکر سے بتا یاگیا۔ادھر آئی جی کشمیر وجے کمار نے ان آپریشنوں پر پولیس اور فورسز کو مبار کباد دیتے ہوئے کہا کہ12گھنٹوں میں 5ملی ٹینٹ مارے گئے جو کہ ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کولگام میں مارے گئے ملی ٹینٹ نیشنل ہائے وے پر ایک بڑا حملہ کرنے کی سازش میں تھے لیکن اس کا بروقت پتہ چلا اور دونوں ملی ٹینٹوں کو ماردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے12گھنٹوں کے دوران تین الگ الگ کاروائیوں کے دوران 5ملی ٹینٹ مار دئے گئے جن میں سے ہندوارہ جھڑپ کے دوران مارا گیا کمانڈر حزب المجاہدین سے وابستہ تھا جبکہ کولگام اور پلوامہ میں مارے گئے 4ملی ٹینٹ لشکر طیبہ سے وابستہ تھے۔دریں اثنا بڈگام پولیس نے آرژندرھامہ ماگام میں ریلوے اسٹیشن کے نزدیک ایک خصوصی ناکے کے دوران لشکر سے وابستہ ایک اپر گراونڈ ورکر کو بارودی دھما کہ خیز مواد سے بھرا ایک بیگ سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔پولیس کے مطابق گرفتار کئے گئے شخص کی شناخت دانش احمد ڈار ولد محمد اشرف ڈار ساکن چیک شیرہ سنگھ پورہ پٹن کے طور ہوئی ہے اور وہ بڈگام کے مختلف علاقوں میں ملی ٹینٹوں کو مختلف قسم کی مدد کرتا تھا۔ ضبط شدہ بیگ سے ایک اعشاریہ 2 کلو گرام بارود اور2 الیکٹرانک ڈیٹونیٹر بر آمد کئے گئے۔ملزم کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر154/2021درج کرلی گئی ہے۔
111