پونچھ میںمسافر بس اور ٹرک کے درمیان ٹکر، 17 افراد زخمی،3کی حالت نازک
شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں نادی ہل کے مقام پر آرمی گاڑی نے ایک راہ چلتی جواں سال خاتون کو بری طرح سے کچل کر موقعہ پرہی ہلاک کردیا جس پر پورے علاقے میں شدید غم و غصہ کا اظہار کیا جارہاہے۔لوگوں نے ملوث ڈرائیور کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے گاڑی کو ضبط کرلیا ہے۔اس دوران پونچھ میں سڑک کے ایک المناک حادثے میں اس وقت کم از کم 17 افراد زخمی ہوگئے جب ایک بس جموں پونچھ شاہراہ پر کانیان کے نزدیک ایک ٹرک سے جا ٹکرائی اور 17مسافر زخمی ہوئے۔ایس این ایس کے مطابق شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں نادی ہل کے نزدیک بدھ کو دن کے تقریباًڈیڑھ بجے آرمی کانوائی میں شامل ایک تیز رفتار گاڑی نے راہ چلتی جواں سال خاتون کو ٹائروں تلے کچل دیا جس کی وجہ سے خاتون کی موقعہ پر ہی موت واقع ہوئی۔ مہلوک خاتون کی شناخت گل جانی زوجہ عبدالرحمان ساکن آر گام بانڈی پورہ کے طور ہوئی ہے۔ حادثے کے بعد پولیس ٹیم جائے واردات پر پہنچی جس نے مہلوک خاتون کو اپنی تحویل میں لے لیا اور قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد میت لواحقین کے حوالے کردی گئی ۔پولیس نے فوجی گاڑی کو اپنی تحویل میں لیا اور معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقاتی کاروائی شروع کی۔دریں اثناء مقامی سطح پر لوگوں میں اس حادثے کو لے کر سخت تشویش اور غم وغصے کی لہر پائی گئی اور وہ فوجی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو ڈرائیونگ اصولوں کے پابند بنانے کا مطالبہ کررہے تھے۔اس دوران جموں پونچھ شاہراہ پر بدھ وار کی علی الصبح ایک سڑک حادثہ اس وقت پیش آیا جب کانیان کے قریب ایک مسافر بس اور ٹرک کے درمیان ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میںبس ڈرائیور سمیت کم سے کم 17افراد زخمی ہوگئے۔ایس این ایس کو ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق زخمیوں کو پونچھ کے ضلع اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کا علاج ومعالجہ چل رہاہے۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔