145

دنمر سعیدہ پورہ سرینگر میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوﺅں کے مابین مسلح تصادم، دو جنگجو جاں بحق

گولی باری میں دو سی آر پی ایف اہلکار زخمی ، رہائشی مکان کو نقصان


سرینگر/وادی کے شمال و جنوب میں جنگجومخالف آپریشنوں میں گزشتہ کئی دنوں سے تیزی کے بیچ پلوامہ کے بعد سرینگر کے دنمر علمدار کالونی میں اعلی الصبح سیکورٹی فورسز اور جنگجوﺅں کے مابین مسلح تصادم آرائی میں دو مقامی لشکر جنگجو جاں بحق ہو گئے جبکہ طرفین کے مابین گولیوں کے تبادلے میں دو سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہو گئے اور رہائشی مکان کو نقصان ہو گیا ۔ آئی جی پی کشمیر نے جھڑپ میں دو جنگجوﺅں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امسال ابھی تک مختلف تصادم آرائیوں میں 78جنگجوﺅں کو ہلاک کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں مہلوک جنگجوﺅں کو خود سپردگی کا بھر پور موقعہ دیا گیا تاہم انہوں نے پیشکش ٹھکرادی۔ سی این آئی کے مطابق سرینگر کے مضافاتی علاقہ دنمر علمدار کالونی میں جنگجوﺅں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس نے مشتر کہ طور علاقے کو جمعہ کی اعلیٰ صبح محاصرے میں لیا اور وہاں تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جونہی علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا تو وہاں ایک رہائشی مکان میں چھپے بیٹھے جنگجوﺅں نے فرار ہونے کی کوشش میں فورسز پر فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی علاقے میں دو بددو جھڑپ شروع ہوئی ۔ ذرائع کے مطابق اسی دوران فورسز کی اضافی کمک علاقے کی جانب روانہ کی گئی جنہوں نے پورے علاقے کو سیل کر دیا اور جنگجوﺅں کے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کر دئے گئے ۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی فائرنگ کے ساتھ ہی علاقے میں خوف و ہر اس کا ماحول پھیل گیا جبکہ فائرنگ کے ساتھ ہی تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا اور محصور جنگجوﺅں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی جھڑپ میں دو سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں علاج و معالجہ کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ اسی دوران معلوم ہوا ہے کہ مکان میں محصور جنگجوﺅں کے والدین کو بھی جھڑپ کے مقام پر لایا گیا جنہوں نے اپنے بیٹوں کو سرینڈر کرنے کی پیشکش کی گئی تاہم انہوں نے پیشکش ٹھکرای دی جس کے بعد طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ دوبارہ شروع ہو گیا اور وقفے وقفے سے جاری گولی باری جای رہی جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے اس مکان جس میں جنگجو چھپے بیٹھے تھے کو بارودی مواد سے اڑا دیا اور جونہی علاقے میں گولیوں کا تبادلہ تھم گیا تو وہاں سے دوجنگجوﺅں کی نعشیں بر آمد ہوئی اور ان کے قبضہ سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی ضبط کر لیا گیا ۔ ادھر ایس این ایس نیوز ایجنسی کے مطابق دو محصور ملیٹینٹ مارے گئے جن کی شناخت عرفان احمد صوفی اور بلال احمد کے طور ہوئی ہے۔دونوں نٹی پورہ سرینگر کے رہنے والے تھے اور14دسمبر 2020کو ایک ساتھ ملیٹینسی میں شامل ہو گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں