140

دربار مو سے وابستہ ملازمین کے سرکاری کوارٹر 21 اگست تک خالی کرنے کا حکم

سرینگر/سرکار نے دربار مو سے وابستہ ملازمین کو جموں اور سرینگر میں سرکاری رہائشی کوارٹروں کو خالی کرنے کی مدت میں ایک مہینے کی توسیع کرتے ہوئے سبھی ملازمین سے کہا ہے کہ وہ 21اگست تک اپنے زیر استعمال کوارٹروں کو خالی کردیں۔ایس این ایس کے مطابق اسٹیٹس محکمہ کی جانب سے 20جولائی 2021کو ایک حکمنامہ جاری کیا گیا ہے جس میں سول سیکرٹریٹ اور دربار مو سے وابستہ دیگر ملازمین کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ 21اگست تک سرینگر اور جموں میں اپنے زیر استعمال سرکاری رہائشی کوارٹروں کو خالی کردیں۔قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے 20جون 2021کو ایک غیر معمولی اعلان کرتے ہوئے 149سال سے جاری دربار مو کی سرینگر سے جموں اور جموں سے سرینگر کی ششماہی منتقلی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ایل جی کے مطابق سول سیکرٹریٹ کا سارا کام ای آفس کے ذریعے انجام دیا جائے گا اور اس کے رو سے اب دربار مو کی کوئی ضرورت باقی نہیں رہتی ہے۔ جموں وکشمیر سرکار کے حکمنامے زیر نمبر 113-EST of 2021بتاریخ 29-06-2021جاری کیا گیاجس میں دربار مو سے وابستہ ان سبھی ملازمین کو ایک مہینے کے اندر اندر اپنے زیر استعمال کوارٹروں کو خالی کرنے کی ہدایت دی گئی تھی تاہم ان ملازمین نے سرکار کی جانب سے دی گئی مہلت کو ناکافی قرار دیتے ہوئے اس میں توسیع کرنے کی مانگ کی تھی جس کے بعد 20جولائی کو سرکار نے ایک اور حکمنامہ جاری کرتے ہوئے اس میں 21اگست تک توسیع کا فیصلہ کرلیا ہے۔یاد رہے کہ جموں وکشمیر میں دربار مو کی روایت مہاراجہ گلاب سنگھ نے 1872میں شروع کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں