چیف سیکرٹری کی جانب سے حکمنامہ جاری،4لاکھ ملازم ہوں گے مستفید
حکومت نے جموں وکشمیر کے سرکاری ملازمین اور پنشنروں کے حق میں 11فیصد مہنگائی بھتے کی واگذاری کو منظوری دیدی ہے جو جولائی کی تنخواہوں کے ساتھ فراہم کی جائے گی جس کا فائدہ پونے تین لاکھ سے زائدملازمین اور ایک لاکھ کے قریب پنشنروں کو ہوگا۔ایس این ایس کے مطابق چیف سیکرٹری ارون کمار مہتاکی جانب سے پیر کو حکمنامہ جاری کیا گیا ہے جس میں سرکاری ملازمین کے حق میں11فیصد اضافی ڈی اے یا مہنگائی بھتے کی واگذاری کو منظوری دی گئی ہے۔اب سرکاری ملازمین یکم جولائی 2021سے 17فیصد کے بجائے 28فیصد کا ڈی اے لیں گے اور یہ جولائی کی تنخواہوں کے ساتھ واگذار کی جائے گی۔مرکزی سرکار نے 24جولائی کو یکم جنوری 2020سے واجب الادا ڈی اے ملازمین اور پنشنروں کے حق میں اس سال جولائی سے واگذار کرنے کے فیصلے کو منظوری دی تھی۔سرکاری فیصلے کے مطابق ملازمین ڈی اے ایرئرس کے حقدار نہیں ہوں گے۔