120

میر بازار کولگام میں فورسز کانوائی پر حملے کے بعد مسلح تصادم آرائی

ایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی ، علاقے میں گولیوں کا تبادلہ جاری ، پورا علاقہ سیل


سرینگر جموں شاہراہ پر میر بازار کولگام کے نزدیک بی ایس ایف کانوائی پر جنگجویانہ حملے کے بعد فوج و فورسز اور جنگجوﺅں کے مابین مسلح جھڑپ ہوئی ۔ جھڑپ میں ابھی تک ایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ جاری ہے ۔ پولیس نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسلح جنگجوﺅں نے سیکورٹی فورسز کانوائی کو نشانہ بناکر حملہ کیا جس کے ساتھ ہی علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا گیا جس دوران حملہ آور جنگجو محاصرے میں پھنس گئے اور علاقے میں جھڑپ شروع ہوئی ۔ سی این آئی کے مطابق کولگا م کے میر بازار علاقے میں جمعرات کو اس وقت گولیوں کی آواز سے سنسنی پھیل گئی جب مسلح جنگجوﺅں نے شاہراہ پر بی ایس ایف کانوائی کو نشانہ بنا کر حملہ کیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ سرینگر جموں شاہراہ پر بی ایس ایف کانوائی جا رہی تھی اور جونہی وہ میر بازار کولگام کے نزدیک پہنچ گئی تو وہاں پہلے سے ہی گھات لگائے بیٹھے جنگجوﺅں نے کانوائی پر فائرنگ کی ۔ فائرنگ کے ساتھ ہی کانوائی میں شامل اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی تاہم طرفین کے مابین گولیوں کے تبادلے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ اسی دوران جونہی فائرنگ واقعہ پیش آیا تو وہاں پولیس و سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری پہنچ گئی جنہوں نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیا اور وہاں تلاشی کارورائی شروع کر دی جس دوران دونوں حملہ آور جنگجو محاصرے میں پھنس گئے اور وہاں دو بدد جھڑپ ہوئی۔ معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں دونوں اطراف سے گولیوں کا تبادلہ جاری ہے جبکہ طرفین کے مابین گولی باری میں ابھی تک ایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہو گیا ۔ پولیس نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جنگجوﺅں نے جموں شاہراہ پربی ایس ایف کانوائے پر حملہ کیا تاہم ان کے حملے میں کسی فورسز اہلکار کو کوئی چوٹ نہیں پہنچی۔ پولیس کے مطابق واقعہ کے فوراً بعد فورسز نے مذکورہ جنگجوﺅں کو محاصرے میں لینے میں کامیابی حاصل کی جس کے بعد پولیس حکام بھی جائے واردات پر پہنچ گئے۔ پولیس نے کہا کہ فورسز کی کمک بھی وہاں پہنچ گئی ہے اور مزید کارروائی جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں