256

وادی میں کلچرل سرگرمیاں شدومد سے جاری۔

9 سے 16 اکتوبر تک نیشنل تھیٹر فیسٹول اور 25’26 اکتوبرکو دی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف سرینگر کا ہورہا ہے اہتمام۔

شافیہ گلفام/ سرینگر/ 26 اگست//

وادی میں نوجوانوں کو کلچرل سرگرمیوں کی طرف راغب کرنےکی کوششیں جاری ہیں اور اس سلسلے میں یہاں کلچرل سرگرمیاں بھی شدومد سے جاری ہیں۔ اکیڈیمی آف آرٹ کلچرل اینڈ لینگویجز کی جانب سے جہاں وادی کے مختلف اسکولوں میں کلچرل فیسٹیول کے نام سے کلچرل سرگرمیاں گزشتہ ایک ماہ سےجاری ہیں وہیں وادی کے دیگر ثقافتی اور تمدنی گروپ اپنی کلچرل سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے تحت کشمیر پرفارمرس کلیکٹیو سرینگر رواں برس 9 اکتوبر سے 16 اکتوبر تک سرینگر کے ٹائیگور ہال میں ایک ہفتے کا نیشنل تھیٹر فیسٹول کا اہتمام کررہا ہے۔ فیسٹول ڈاریکٹر منظور احمد میر نے فیسٹول کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ اکتوبر میں منعقد ہونے والے ایک ہفتے کے اس نیشنل تھیٹر فیسٹول میں جموں اور کشمیر کے 7 ہندی اور کشمیری زبانوں کے ڈرامے پیش کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ڈرامہ فیسٹول کو منعقد کرنے سے ایک تو جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو کلچرل سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی اور ساتھ ساتھ میں مقامی فنکاروں کو کلچرل سرگرمیوں میں مشغول رہنے کا موقع بھی فراہم ہوگا۔اسی طرح وومید نامی کلچرل گروپ دو روزہ(TIFFS) دی انٹرنیشنل فلم فیسٹول آف سرینگر کا سیکنڈ ایڈیشن رواں برس کے اکتوبر مہینے کی, 25 اور 26 تاریخ کو سرینگر کے ٹائیگور ہال میں منعقد کررہا ہے۔ فیسٹول ڈاریکٹر روہت بٹ نے فیسٹول کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ اس فلم فیسٹول میں ملک اور بیرونی ملکوں میں تیار کی گئی مختلف زبانوں میں تقریباً چار درجن کے قریب فلموں کی نمائش کی جائے گی جن میں میوزک البم اور ڈاکومنٹری بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس فلم فیسٹول کے منعقد کرنے سے یہاں کے ان نوجوان کو جو فلمیں بنانے کا شوق رکھتے ہیں فلمیں تیار کرنے کی سیکھ بھی مل جائے گی اور ساتھ ساتھ میں فلمیں تیار کرنے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں