61

کامیاب ازدواجی زندگی کے اصول

تنویر القادری بہاری

کامیاب ازدواجی زندگی خدا کا عطیہ ہے، معاشرے میں سکون، محبت اور حسن کی راہداری ہے۔ اس سے سماج میں صحت مند رجحانات اور ایک متوازن نئی نسل تخلیق ہوتی ہے۔ ایک کامیاب ازدواجی زندگی اتنی ہی اہم ہے جتنا کہ سماج کی نفی میں جرم و سزا اہم ہیں۔ کامیاب ازدواجی زندگی آسمان سے ہمارے لئے نہیں اترتی۔ اس لئے میاں بیوی کو جد و جہد کرنا پڑتی ہے، قربانی دینی پڑتی ہے، تب کہیں ہنستا مسکراتا گھرانہ وجود میں آتا ہے۔
کامیاب ازدواجی زندگی گزارنے کے لئے ذیل میں چند ایسے رہنما اصول دیئے جا رہے ہیں جو عام حالات میں بے معمول نظر آتے ہیں مگر در حقیقت بڑی غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں اگر آپ کامیاب ازدواجی زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو ان پر چند دن عمل کر کے دیکھیے۔

  • کبھی کبھی محبت سے ایک دوسرے کا ہاتھ تھام لیجئے اس کے لئے عمر کی کوئی قید نہیں۔
  • ایک دوسرے سے یہ عہد کر لیجئے کہ ہم اگر کبھی آپس میں لڑ پڑیں گے، تو صلح کے بغیر سوئیں گے نہیں۔
  • خاوند اور بیوی کوئی فرشتہ نہیں ، دونوں انسان ہیں ، ان سے خطائیں بھی ہو سکتی ہیں ایک دوسرے کے لئے لچکدار رو یہ چاہئے تحمل سے کام لیجئے ۔
  • ایک دوسرے کو سمجھئے اور فکر و پریشانی کے مواقع پر ایک دوسرے کو تسلی دیجئے۔ بھول جائیے، معاف کر دیجئے، اگر کبھی شریک حیات سے کوئی سنگین غلطی بھی سرزد ہو جائے تو بھول جائیے، معاف کر دیجئے زندگی چند روزہ ہے، اور ایک دوسرے سے انتقام لینے کے لئے نہیں، بلکہ خوشگواری سے گزارنے کا نام ہے۔
  • حسن مزاج پیدا کیجئے، خود ہنسئے ، شریک سفر کو خوش رکھیئے۔
  • ایک دوسرے کا شکریہ ادا کیجئے ، مگر اس کے اظہار کا طریقہ مصنوعی نہیں، بلکہ بے ساختہ ہونا چاہئے دن میں کئی ایسے مواقع پیدا ہوتے ہیں جن میں ایک دوسرے کا شکر یہ ادا کیا جاسکتا ہے، اس میں کبھی بخل سے کام نہ لیجئے۔
  • ایک دوسرے کے بارے میں رویہ نہ دیکھیے کہ ایک دفعہ کا نکاح زندگی بھر کے بندھن کی ضمانت ہے۔ زندگی کی سماجی اور معاشی عملی جدو جہد میں یہ بندھن کمز ور بھی پڑھ سکتا ہے، اسے مضبوط کرتے رہئے اور اس میں ہمہ وقت دلچسپی کا اہتمام رکھیے، یہ رشتہ ہمیشہ تروتازہ رہنا چاہیے۔
  • محبت گھر میں خوشبو کی طرح پھیلتی ہے شعوری اور ارادی طور پر گھر کے دوسرے افراد سے محبت کیجیے ، بوڑھے والدین اگر آپ کے پاس رہتے ہوں اور گھر کے بچے آپ کی توجہ کے منتظر ہیں، آپ کی تھوڑی سی توجہ آپ سے متعلقہ افراد کے دل میں بے پایاں اطمینان و انبساط پیدا کرتی ہیں، ان کے اطمینان و انبساط کے نتیجے میں گھر میں محبت کی روشنی بڑھتی اور پھیلتی ہے۔ دونوں میاں بیوی کو چاہئے کہ ملکر ایسی چیزوں کو تلاش کریں جو زندگی میں حسن اور سکون پیدا کرتی ہوں مثلا ہر وقت اللہ عز وجل کا خوف دل میں رکھئے کیونکہ مومن وہ ہے کہ جس کے سامنے اللہ عز وجل کا ذکر کیا جائے تو اس کا دل ڈر جائے اور جب اس کے سامنے اللہ عز وجل کا کلام پڑھا جائے تو ان کے ایمان میں مضبوطی آتی ہے – عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہمیشہ سرشار رہئے کیونکہ سب سے بڑی دولت مسلمان کی یہی ہے۔
    کسی مصیبت کے وقت صبر کرنا اور ثواب کی امید رکھنا جنت میں لے جاتا ہے- سچ کو اختیار کیجئے ، سچائی نیکی کا راستہ دکھاتی ہے اور نیکی جنت میں لے جاتی ہے۔
  • گناہوں سے بچنے کی آسان ترکیب یہ ہے کہ زبان کو احتیاط سے چلائیں۔ اور بدگمانی سے بچئے اور دوسروں کے بھید نہ ٹٹولئے۔
  • اپنی خواہشات اور ضروریات کو جتنا کم کر سکیں ضرور کریں کیونکہ اس میں آسانی اور خوشحالی کا راز ہے۔
  • سخت دل اور تنگ خو نہ بنیں ورنہ لوگ آپ سے دور ہو جائیں گے۔ ایک دوسرے کے عیبوں پر چشم پوشی کیجئے، اللہ تعالیٰ آپ کے عیبوں پر پردہ ڈالے گا۔
  • اپنے گناہوں سے توبہ کرتے رہیے اور اپنی کمزوریوں کو دور کرنے کا پختہ وعدہ کیجئے۔ اور ہمیشہ سچ ، حسن سلوک، نماز، قرآن پاک کی تلاوت کی پابندی یہ چیزیں محبت بھری زندگی کو شادماں کرنے میں یقینا اہمیت کی حامل ہیں۔
    ان سب میں اہم ترین اصول یہ ہے کہ اپنے جیون ساتھی اور خود اپنے ساتھ ایسا سلوک کیا جائے جس سے آپ کی اپنی قدروقیمت، وقار اور ساکھ میں اضافہ ہو۔ باہمی رشتے کی کامیاب نشوونما اورہمیشہ رہنے والی خوشی سے لطف اندوز ہو نے کیلئے یہ طرز عمل نہایت ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں