137

کھنموہ معرکہ آرائی میں البدر سے وابستہ2مقامی جنگجو جاں بحق،ایک مکان تباہ

شہر سری نگرکے مضافاتی علاقہ کھنموہ میں سوموارکی صبح ایک خونین معرکہ آرائی کے دوران البدر جنگجو تنظیم سے وابستہ2مقامی جنگجوجاں بحق ہوگئے جبکہ جنگجوﺅں اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان گولیوں کے تبادلے اورشلنگ کے نتیجے میں ایک مکان تباہ ہوگیا جبکہ دیگر کچھ مکانات کونقصان پہنچا۔ آئی جی پی کشمیر وجے کمارنے اس جھڑپ میں 2مقامی جنگجوﺅں کے مارے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ محصورجنگجوﺅںکوسرنڈرکاموقعہ دیاگیا لیکن انہوںنے اس پیشکش کوٹھکراتے ہوئے فائرنگ جاری رکھی جسکے بعدوہ جوابی کارروائی میں مارے گئے ۔ ایس این ایس کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایاکہ کچھ جنگجوﺅں کے ایک مخصوص جگہ چھپے ہونے سے متعلق مصدقہ اطلاع ملتے ہی پولیس وایس اوجی اہلکاروں نے فوج کی50آرآر اورسی آرپی ایف کیساتھ مشترکہ طورپرکھنموہ سری نگرعلاقہ کو سوموار کے روز علی الصبح محاصرے میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق شاہ محلہ اورلون محلہ کھنموہ کاگھیراﺅ تنگ کیاگیا، اور یہاں تلاشی کارروائی شروع کی ۔ قبل ازیں پولیس ذرائع کے مطابق جنگجووں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر پیر کی صبح سیکورٹی فورسز نے سری نگر کے کھنموہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ ایس این ایس کے مطابق کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا ہے کہ سری نگر میں پانچ جنگجو سرگرم ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں جنگجو اعانت کاروں کا بھی ایک وسیع نیٹ ورک ہے جن میں سے کئی اعانت کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے اور ’سی‘ زمرے کے اعانت کاروں کی کونسلنگ کی جارہی ہے۔موصوف انسپکٹر جنرل نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پی نے کہا کہ کھنموہ اور کھریو علاقے ترال سے رابطے میں ہیں اور اس علاقے میں عسکریت پسند سرگرم ہیں۔وہیں کھنموہ تصادم میں مارے گئے دونوں عسکریت پسندوں سے دو پستول، ایک ہینڈ گرینیڈ اور تین یو بی جی ایل گرینیڈ بھی بر آمد کئے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں