131

طے شدہ شادیوں کیلئے آن لائن اجازت ناموں کی سہولیت

ضلع انتظامیہ سرینگرنے وادی میں وادی میں 25مئی تک نافذ کورونا کرفیو کے دوران طے شدہ شادی بیاہ کی تقریبات کے انعقاد کیلئے اجازت کی خاطر آن لائن نظام متعارف کیا ہے جس کی وساطت سے لوگ شادی بیاہ کی تقریبات کیلئے اجازت نامے حاصل کرسکتے ہیں۔ایس این ایس کے مطابق جموں وکشمیر کے سبھی 20اضلاع میں فی الحال 25مئی تک لاگو کورونا کرفیو کے دوران طے شدہ شادی بیاہ کی تقریبات کے انعقاد کیلئے ضلع انتظامیہ سرینگر نے سرکار سے اجازت لینے کیلئے ایک آن لائن سسٹم متعارف کیاہے جس پر خواہشمند افراد درخواست دے کر اجازت نامہ حاصل کرسکتے ہیں۔ایک اعلیٰ افسر نے ایس این ایس کو بتایا کہ شہر سرینگر میں ان دنوں شادی بیاہ کی تقریبات کا سیزن شروع ہورہاہے اور پورے ضلع میں بڑی تعداد میں شادیاں انجام دی جارہی ہیں جن کیلئے تاریخیں طے بھی کی جاچکی ہیں۔مذکورہ افسر کے مطابق چونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے حکام نے لوگوں کی نقل وحرکت محدود کرنے کیلئے فی الحال 25مئی تک کورونا کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے اس لئے ضلع انتظامیہ نے ان ایام کے دوران طے شدہ شادیوں کی انجام دہی کیلئے اجازت کی فراہمی کیلئے آن لائن سسٹم متعارف کیاہے اور اب لوگ گھر بیٹھ کر اپنی ضرورت کے مطابق آن لائن درخواست جمع کرکے اجازت حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ قدم لوگوں کی سہولیت کےلئے اٹھایا گیا ہے تاکہ انہیں گھروں سے نکل کر سرکاری دفاتر کے چکر نہ کاٹنے پڑیں۔مذکورہ افسر کے مطابق شادی بیاہ کی تقریبات کیلئے بارت کے ساتھ لیجانے والی گاڑیوں کو بھی اجازت نامے فراہم کئے جاتے ہیں تاہم سرکار کی غرض ہے کہ لوگ احتیاط اپنائیں اور کم سے کم تعداد میں بھیڑ جمع کریں۔انہوں نے کہاکہ حالات ابھی بھی ابتر ہیںاور اس کا علاج صرف اور صرف ایس او پی ایز پر عمل درآمد میں مضمر ہے۔انتظامیہ نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ پاس حاصل کرنے کیلئے ویب سائٹ http/epass-srinagar.nic.net.in پر رابطہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں