188

تھنہ منڈی مسلح جھڑپ میں جونیئر کمیشنڈ آفیسراور عدم شناخت جنگجو جاں بحق، ایک فوجی اہلکار زخمی، آپریشن جاری

راجوری کے تھنہ منڈی گاﺅں میں جنگجوﺅں اور سیکورٹی فورسز کے مابین مسلح جھڑپ میں جونیئر کمیشنڈ آفیسراور ایک عدم شناخت جنگجو جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک فوجی اہلکار زخمی ہو گیا۔ پولیس نے جھڑپ میں فوجی آفیسر اور جنگجو کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے۔ سی این آئی کو نمائندے نے اس ضمن میں راجوری سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ تھنہ منڈی کے تریوک گاوں میں مسلح جنگجوﺅں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس نے علاقے کو محاصرے میں لیا۔ پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جونہی علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا تو وہاں موجود جنگجوﺅں نے فرار ہونے کی کوشش میں شدید فائرنگ کی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی فائرنگ کے نتیجے میں فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمیت دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ راشٹریہ رائفلز کا ایک جے سی او گولی لگنے سے زخمی ہوا جسے فوری طور پر قریبی طبی مرکز پہنچایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے ساتھ ہی سیکورٹی فورسز نے بھی مورچہ زن ہو کر جوابی کارورائی کی جس دورا ن طرفین کے مابین گولیوں کے تبادلے میں ایک جنگجو جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں جنگجوﺅں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد علاقے میں آپریشن شروع کر دیا گیا جس دوران جھڑپ ہوئی اور جھڑپ میں ابھی تک ایک فوجی آفیسر کے علاوہ ایک عدم شناخت جنگجو بھی اس معرکہ آرائی میں جاں بحق ہوگیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ پورے علاقے کو سخت محاصرے میں لے لیا گیا ہے اور فوجی آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں آپریشن ختم ہونے کے بعد ہی تمام صورتحال واضح ہو گی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں