339

دیوسر کلگام میں ‘اپنی پارٹی’ کا زونل صدر ہلاک


جنوبی ضلع کولگام میں محض48گھنٹوں کے دوران مشتبہ جنگجوﺅں نے ایک اورسیاسی لیڈر کوگولیوں کانشانہ بناکر ہلاک کردیا ۔تازہ حملے ضلع کولگام کے دیوسر علاقہ میں کیاگیا ،جہاں اپنی پارٹی کے زونل صدر غلام حسن لون کونزدیک سے گولیاں مارکر ابدی نیندسلادیا ۔جے کے این ایس کے مطابق جنوبی ضلع کولگام کے دیوسر علاقہ میں جمعرات کی سہ پہر اُس وقت تشویش کی لہردوڑ گئی، جب مشتبہ جنگجوﺅں نے اپنی پارٹی کے زونل صدر کولگام غلام حسن لون کوگھر کے نزدیک گولیوں کانشانہ بنایا ۔بتایاجاتاہے کہ جسم میں کئی گولیاں لگنے سے شدیدزخمی ہوئے سیاسی لیڈر کونزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہاں موجودڈاکٹروں نے اُس کو مردہ قرار دے دیا ۔اس واقعے کے فورا بعد سیکورٹی فورسز نے پورے علاقہ کامحاصرہ کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ،جو کافی وقت تک جاری رہی۔ پولیس ذرائع نے دیوسر کولگام میں ایک مقامی سیاسی لیڈر کی ہلاکت کیلئے جنگجوﺅں کوذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہاکہ ملوث حملہ آوروں کی شناخت اور تلاش کی کارروائی شروع کردی گئی ہے ۔جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری اورپارٹی کے دوسرے لیڈروں نے ضلع صدرکولگام غلام حسن کی مشتبہ جنگجوئیانہ حملے میں ہلاکت پرسخت صدمہ ظاہر کرتے ہوئے مہلوک کے لواحقین کیساتھ ہمدردی، یکجہتی اورتعزیت کااظہار کیا۔ واضح رہے کہ پچھلے10 دنوں میں بی جے پی لیڈر کے ایک نابالغ بیٹے سمیت 4 افراد، بی جے پی کارکنوں اور لیڈروں پر 3 الگ الگ حملوں میں مارے گئے۔ تازہ ترین قتل 17 اگست کو ہوا ، جب جنگجوﺅں نے بی جے پی کے حلقہ انچارج ہوم شالی بگ کولگام جاوید احمد ڈار ولد محمد عبداللہ ڈار کو برازلو جاگیر کولگام میں گولی مار کر ہلاک کردیا۔جبکہ رواں سال9، اگست کو بی جے پی کشن مورچہ کے ضلعی صدر کولگام غلام رسول اور ان کی اہلیہ جواہرہ بانو جو کہ ایک پنچ بھی تھیں، اور ریڈوانی کولگام کے رہائشی تھے کو لال چوک اننت ناگ میں جنگجوﺅں نے کرایہ کے مکان میں گھس کر قتل کردیا۔خیال رہے پچھلے سال 30 اکتوبر کو ، بی جے پی کے3 کارکن ، یعنی فدا حسین ، جو بی جے پی کے یووا مورچہ کے جنرل سکریٹری تھے ، بی جے پی کے کارکن عمر رمضان ، ساکنان وائی کے پورہ ، قاضی گنڈ اور عمر رشیدساکنہ دیوسر کولگام ایک حملے میں مارے گئے تھے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں