راجستھان حکومت نے کورونا وائرس کے انفیکشن سے صحت یاب ہونے والے مریضوں میں سامنے آرہے میوکر مائکوسس (بلیک فنگس) مرض کو وبا قرار دیا ہے۔ ریاست کے میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا۔
چیف گورنمنٹ سیکرٹری میڈیکل اکھل اروڑہ کی جانب سے جاری کردہ اس نوٹیفکیشن کے مطابق ، کورونا وائرس کے انفیکشن کے اثر کی وجہ سے میوکر مائکوسس (بلیک فنگس) کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ، بلیک فنگس کے کورونا وائرس انفیکشن کے ضمنی اثرات کے طور پر سامنے آنے ، کووڈ – 19 اور بلیک فنگس کے ضمنی علاج کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔ راجستھان وبا ایکٹ 2020 کے سیکشن 3 کی دفعہ 4 کے تحت پوری ریاست میں میو کر مائکوسس ( بلیک فنگس)کو وبائی اور متعدی بیماری قرار دیا ہے ۔
ماہرین کے مطابق یہ بیماری کورونا وائرس سے ٹھیک ہوئے ذیابیطس کے مریضوں میں زیادہ ہو رہی ہے ۔ اس بیماری میں متاثرہ کی آنکھوں کی روشنی جانے کے ساتھ ہی جبڑے تک کو نکالنے کی نوبت آرہی ہے۔ راجستھان میں تقریباً 100 مریض بلیک فنگس سے متاثر ہیں۔ ان کے علاج کے لئے جے پور کے سوا ئی مانسنگھ ہسپتال میں ایک علیحدہ وارڈ قائم کیا گیا ہے ، جہاں پورے پروٹوکول کے مطابق علاج کرایا جارہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے چند روز قبل راجستھان سمیت ملک کی مختلف ریاستوں میں کورونا وائرس کے انفیکشن سے پاک مریضوں میں میوکر مائکوسس (بلیک فنگس) بیماری کے ہونے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
174