156

بھار ت ہر شعبے میں خود کفیل بننے کیلئے پر عزم /وزیر اعظم

وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھار ت ہر شعبے میں خود کفیل بننے کیلئے پر عزم ہے ۔انہوں نے کہا کہ کووڈ ۔19عالمی وبا نے نشانے کے حصول کی رفتار سست کردی ہے لیکن یہ ہمارا عزم ہے کہ ہم مختلف شعبوں میں مضبوطی حاصل کریں گے اور خودکفیل بنیں گے۔آج کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ CSIRسوسائٹی کی کونسل کی ورچوئل میٹنگ کے صدارت کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ بھارت زراعت سے لے کر فلکیات ،آفات کے بندوبست سے لے کر دفاعی ٹیکنالوجی اور ٹیکوں سے لے کر ورچوئل حقیقت پسندی میں خود کفیل بننے کے تئیں پر عزم ہے۔سٹیٹ نیوز سروس کو ملی تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ کووڈ۔19عالمی وبا نے اس صدی کا سب سے بڑا چلینج پیدا کردیا ہے ،لیکن سائنس نے ایک بہتر مستقبل کیلئے راستہ ہموار کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بحران کی صورتحال میں حل تلاش کرنا اور امکانات پیدا کرنا سائنس کا ایک بنیادی ویژن ہے۔ایک سال میں ملک کے اندر دیسی کووڈ ٹیکے تیار کرنے کیلئے بھارتی سائنسدانوں کے رول کی ستائش کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جس رفتار سے اورجس پیمانے پر یہ کام ہوا ہے ،وہ بے مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاید ایک مختصر وقفے میں ٹیکے تیار کرنا تاریخ کا پہلا واقعہ ہے۔نریندر مودی نے کہا کہ بھارت پائیدار ترقی ،صاف ستھری توانائی اور آلودگی سے پاک ہائیٹروجن ٹیکنالوجی کے شعبے میں دنیا کو راستہ دکھا رہاہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت سٹیلائٹس کیلئے سافٹ ویئر کے شعبے میں دوسرے ملکوں کی ترقی تیز کرکے دنیا میں نمایاں رول ادا کررہاہے۔ایس این ایس کے مطابق مختلف ٹیکنالوجیوں کی ترقی میں CSIRکی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی نے کسی بھی ملک میں بلندیوں کو چھواہے ،جہاں اس نے صنعت اور مارکیٹ کے ساتھ بہتر تام میل پیدا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ CISRایک ادارہ جاتی بندوبست کے طور پر کام کررہاہے تاکہ سائنس ،معاشرے اور صنعت کے مابین تال میل والا نظام برقرار رکھا جاسکے۔سائنس اور ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن ،وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اور ریلوے کے وزیر پیوش گوئل بھی ا س موقعہ پر موجود تھے۔اس کے علاوہ اس تقریب میں مختلف سائنسدانوں اور صنعتی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں