بھارت دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف لڑنے کے عہد پر قائم
مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ دہشت گردی اورانتہا پسندی، دنیا کے امن اور سلامتی کےلئے سب سے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے یقین دلایاکہ بھارت مالی کارروائی ٹاسک فورس FATF کا ایک ممبر ہونے کے ناطے دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف لڑنے کا عہد کیا ہوا ہے۔ ایس این ایس مانیٹرنگ کے مطابق وہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے آسیان کے وزرائے دفاع کی میٹنگ پلس سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر موصوف نے خطے میںسلامتی کو درپیش اہم چیلنجوں سے نمٹنے کے سلسلے میں بھارت کے نظریات پیش کئے۔ راجناتھ سنگھ نے بھارت بحرالکاہل خطے میں ایک کھلے اور شمولیت والے نظام کیلئے بھارت کی اپیل کو پھر سے دہرایا۔ایس این ایس مانیٹرنگ کے مطابق وزیر دفاع نے مذاکرات اور بین الاقوامی ضابطوں اور قوانین کی پاسداری کر تے ہوئے تنازعات کے پرامن حل، ملکوں کی علاقائی یکجہتی اور اقتدار اعلیٰ کے احترام کی ضرورت پر زوردیا۔ وزیر دفاع نے سمندر کے قانون سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن کے مطابق سب کے لئے آبی حدود کے اوپر سے پروازوں کے گزرنے اور تمام بین الاقوامی جہازرانوں کی آزادی کے لئے بھارت کی حمایت کو دہرایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایشین کوسٹ گارڈ ایجنسیز میٹنگ کے سربراہ کے بانی ممبر کی حیثیت سے بھارت بحری تلاش اور راحت کے شعبوں میں اشتراک کے ذریعے صلاحیت سازی میں اضافے کا خواہشمند ہے۔ آسیان وزرائے دفاع کی میٹنگ پلس ایک ایسا فورم ہے جو 10آسیان ممبر ملکوں اوربھارت، چین، آسٹریلیا، جاپان، نیوزی لینڈ، جنوبی کوریا، روس اورامریکہ سمیت 8 شراکت دار ملکوں پر مشتمل ہے۔