جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے اور ریاستی عوام کے جذبات اور خواہشات کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سینئر کانگریس لیڈر اور سابق وزیر خزانہ پی چدامبرم نے پھر دہرایا ہے کہ جموں وکشمیر کا بھارتی وفاق کے ساتھ ایک منفرد صورت میں الحاق ہواہے اس لئے اس کا ریاستی درجہ برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خطہ کوئی Real Estate نہیں ہے کہ اس کو من مانی صورت میں جب چاہیں استعمال کیا جائے۔ ایس این ایس کے مطابق اپنے لگاتار ٹویٹ پیغامات میں سابق مرکزی وزیر خزانہ نے زور دے کر کہا ہے کہ جموں وکشمیر کا جمہوری طور پر بحال ہونا ہی مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل کیلئے ابتدائی لکیر کھینچنے کا واحد راستہ ہے۔ایس این ایس کے مطابق ایک ٹویٹ میں پی چدمبرم نے کہا کہ، جو کچھ آئین کے تحت بنایا گیا ہے، وہ پارلیمنٹ کے ایکٹ کے ذریعے تیار یا تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر ایک ایسی ریاست تھی جس نے ایک منفرد صورت میں بھارتی وفاق کے ساتھ الحاق کے معاہدے پر دستخط کئے تھے اور ہندوستان تک رسائی حاصل کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر Real Estateکا ٹکڑا نہیں ہے۔ ایک اور ٹویٹ میں چدمبرم نے کہا کہ مرکز کو جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق اور خواہشات کا احترام کرنا چاہئے ۔انہوں نے نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی سرکار پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو پارلیمنٹ کے مون سون اجلاس کے دوران توہین آمیز قوانین کو منسوخ کرکے جموں وکشمیر میں جمہوری حیثیت کو بحال کرنا چاہئے۔پی چدمبرم کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل کیلئے ابتدائی لکیر کھینچنے کا یہی واحد راستہ ہے۔
141